بسنت کے دوران لاہور میں خوشگوار موسم کی پیش گوئی، شہریوں کو احتیاطی ہدایات

لاہور: پنجاب خصوصاً لاہور میں بسنت کے دوران موسم کے حوالے سے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پیش گوئی جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 6 سے 8 فروری کے دوران لاہور اور گردونواح میں موسم خوشگوار اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
بسنت کے دنوں میں شہر کا درجہ حرارت 20 سے 22 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے شہر میں ہلکی خوشگوار سردی برقرار رہے گی۔
شمالی علاقوں میں اسی دوران بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے، اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور میں پتنگ اور ڈور کی ریکارڈ فروخت، چار روز میں اربوں روپے کی تجارت
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو بسنت کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی ہے، خاص طور پر پتنگ بازی کے دوران بجلی کی تاروں اور چھتوں سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ دھاتی ڈور، کیمیکل ڈور اور غیر قانونی سامان کے استعمال سے مکمل گریز کیا جائے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
موٹر سائیکل سواروں کو بھی حفاظتی ہیلمٹ اور گلے کے حفاظتی کور کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی تاکہ بسنت کے دوران حادثات سے محفوظ رہا جا سکے۔














